اس بار سلسلہ شناسائی میں ہم جانیں گے ایک فی میل اردو بلاگر کے بارے میں ( خاتون لکھنا اکثر ناراضی کا سبب بنتا ہے )۔ انہوں نے حال ہی میں بلاگنگ میں قدم رکھا اور یہ کہنا بلکل غلط نہیں کہ یہ جو بھی لکھتی ہیں اچھا لکھتی ہیں بلکہ کمال لکھتی ہیں۔ ایک عام بلاگر اور ایک فی میل اردو بلاگر کے انٹرویو میں خاصا فرق ہوتا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ آپ کو ان کے بارے جان کر اچھا لگے گا۔ تو اب ہم نورین تبسم صاحبہ کے بارے میں جانتے ہیں۔ اور ان کا بلاگ پڑھنے کے لیئے یہاں کلک کریں ۔

 خوش آمدید !
کیسے مزاج ہیں ؟

@ الحمداللہ
آپ کی جائے پیدائش کہاں ہے ؟ اور موجودہ رہائش کہاں ہے ؟
@ راولپنڈی ۔ اب اسلام آباد اور واہ کینٹ کے درمیان گھومتی ہوں ۔
اپنی تعلیم ، پیشہ اور خاندانی پس منظر کے بارے میں کچھ بتائیں ؟
@ فیڈرل کالج اسلام آباد سے بی ایس سی کیا اور پھر بقول بچوں کے کچھ نہ کیا ۔ والدین انڈیا سے پاکستان آئے انڈیا کیا چیز ہے کہ ابھی تک ہمارے نسب میں اس کا نام گردش کرتا ہے مجھے یہ بات سمجھ نہیں آتی ۔ والد ڈاکٹر ہیں پر اب پریکٹیس نہیں کرتے ۔
اردو بلاگنگ کی طرف کب اور کیسے آنا ہوا ؟ آغاز کب کیا ؟
@ یہ محض ایک سوال ہے پر اس کا جواب ایک مکمل کہانی ہے۔ جو میں انشاء اللہ اپنے بلاگ کی صورت جلد دوں گی ۔مختصراً بتاتی چلوں ۔ نیٹ سے پہلا رابطہ بذریعہ فیس بُک ، 31 مارچ 2012 ، اردو کا پہلا لفظ نیٹ پر لکھا 19 ستمبر 2012 ، بلاگ بنایا 14 اکتوبر 2012۔
کیا مراحل طے کیے آغاز میں اور کس قسم کی مشکلات پیش آتی تھیں ؟
@ یہ ایک سفر تھا جو جاری ہے ایک کے بعد ایک مرحلہ طے ہوتا جا رہا ہے اور مشکلات ابھی بھی بہت ہیں لیکن میں ان کی پرواہ نہیں کرتی ۔ جو مل رہا ہے لیتی جاتی ہوں ۔
بلاگنگ شروع کرتے ہوئے کیا سوچا تھا؟ صرف بلاگ لکھنا ہے یا اردو بلاگنگ کو فروغ دینے کا مقصد پیش نظر تھا ؟
@ پہلے میں کاغذ پر لکھتی تھی اب مجھے نیٹ پر لکھنا تھا بس یہی میرا بلاگ بنانے کا مقصد تھا ۔
کن بلاگرز سے متاثر ہیں اور کون سے بلاگز زیادہ دلچسپی سے پڑھتی ہیں ؟
@ ایم بلال ایم ۔
لفظ ” بلاگ “ سے کب شناسائی حاصل ہوئی ؟
@ ایم بلال ایم کا ایک بلاگ پڑھا جس میں انہوں نے بتایا کہ فیس بک پر لکھنا کوئی معنی نہیں رکھتا ۔بلاگ کی صورت بھی ہم اپنی بات کہہ سکتے ہیں ۔
اپنے بلاگ پر کوئی تحریر لکھنی ہو تو کسی خاص مرحلے سے گزارتی ہیں یا لکھنے بیٹھتی ہیں اور لکھتے چلے جاتی ہیں ؟
@ کاغذ پر لکھنے کے بعد دل کرتا ہے اسے جلد ازجلد بلاگ کی صورت دے دوں ۔ یہ ایک نشہ سا ہے جس سے میں خود بھی ابھی واقف ہوئی ہوں کسی خاص ماحول یا لفظ لکھنے کے بعد جب پڑھتی ہوں تو پھر اس کے معنی میرے اندر اترتے چلے جاتے ہیں ۔
کیا آپ سمجھتی ہیں کہ بلاگنگ سے آپ کو کوئی فائدہ ہوا ہے؟ یا کیا فائدہ ہوسکتا ہے؟
@ بہت فائدہ ہوا ہے اپنے آپ کو جاننے کا موقع ملا ہے ۔ دنیا کا ایک نیا روپ دیکھا ہے انسانوں پر اعتماد بڑھا ہے۔ اپنی ذات کا عرفان ہونے لگے اس سے بڑی دولت اور کیا مل سکتی ہے ۔
آپ کی نظر میں معیاری بلاگ کیسا ہوتا ہے ؟
@ مجھے معیار کا کچھ پتہ نہیں ۔ بس یہی ہے کہ کہیں بھی کوئی لفظ جب ہم پڑھیں وہ ایک دم دل میں اتر جائے یوں لگے کہ جیسے ہم نے لکھا ہے یا ہماری ذات کو سامنے رکھ کر کہا گیا ہے ۔ جیسے میں نے لکھا تھا " لفظ کی حُرمت یہ ہے کہ جو پڑھے وہ جانے کہ یہ وحی صرف اس کے لیے اس کے دل پر ابھی نازل ہوئی ہے " ۔
آپ کے خیال میں کیا اردو کو وہ مقام ملا ہے، جس کی وہ مستحق تھی ؟
@ نیٹ کے حوالے سے حیران کن حد تک اردو کو اس کا مقام ملتا جا رہا ہے یہ سفر دھیما ضرور ہے لیکن پُراثر ہے ۔
اردو کے ساتھ اپنا تعلق بیان کرنے کو کہا جائے تو کیسے کریں گی ؟
@ اردو بچپن سے میرا اوڑھنا بچھونا رہی ہے ، ایک غریب ماں کی طرح سائے کی مانند ہر وقت ساتھ ، انگریزی کی امارت مجھے ایک پل کو کبھی کمتری میں مبتلا کرنے لگتی تو اردو مجھے اپنی آغوش میں لے کر شانت کر دیتی ۔ اب میں انگریزی میں بھی لکھنے لگی ہوں اس کا علیحٰدہ سےبلاگ بنایا ہے یہ میرا وہ روپ تھا جس کی مجھے نیٹ پر آنے سے پہلے جھلک بھی نظر نہ آئی تھی، سب اللہ کا کرم ہے اور ایک راستے پر چلتے رہنے کا نتیجہ ہے۔
آپ کے خیال میں جو اردو کے لیے کام ہو رہا ہے کیا وہ اطمینان بخش ہے ؟
@ جتنا میں نے نیٹ پر دیکھا ہے اس کو محسوس کر کے میں کہہ سکتی ہوں کہ تسلی بخش ہے لیکن ہماری عام زندگی میں اردو کا عمل دخل نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے ،اردو کے ساتھ ہمارے گھروں میں ،سکولوں میں ،دفتروں میں اور عام بول چال میں بہت برا سلوک کیا جاتا ہے ، جس پر مجھے دکھ بھی ہوتا ہے لیکن مایوسی نہیں کہ ہمیں صرف اپنے حصے کا چراغ جلانا ہے اور اس کی روشنی آگے منتقل کرنے کی سعی کرنا ہے اور بس ۔
آنے والے پانچ سالوں میں اپنے آپ کو اور اردو بلاگنگ کو کہاں دیکھتی ہیں ؟
@ یہاں پل کا بھروسہ نہیں ، میں صرف آج پر یقین رکھتی ہوں اسی لیے بسا اوقات تنقید کی زد میں بھی رہتی ہوں ۔ جس وقت جو لمحہ مل جائے وہی حاصل ِزیست ہے ۔
بلاگ کا نام " کائناتِ تخیل " ہی کیوں رکھا ؟
@ " گلیکسی آف تھاٹس "بلاگ بناتے وقت یہ انگریزی نام ایک دم میرے ذہن میں آیا پھر جب اردو اور انگریزی بلاگ الگ کیے تو ایک مہربان نے " کائنات ِتخیّل " کا نام دے دیا۔
کسی بھی سطح پر اردو کی خدمت انجام دینے والوں اور اردو بلاگرز کے لیے کوئی پیغام؟
@ آپ سب کی اپنی زبان سےمحبت لائق تحسین ہے اور محبت کبھی ناآسودہ نہیں کرتی بس چلتے رہنا شرط ہے کسی صلے کی توقع رکھے بغیر۔
بلاگ کے علاوہ دیگر کیا مصروفیات ہیں؟
@ وہ تمام مصروفیات جو عام عورت کی ساری توانائی نچوڑ لیتی ہیں پھر بھی اسے کہا جاتا ہے کہ اس نے دنیا میں کچھ نہیں کیا۔
آپ کی زندگی کا مقصد کیا ہے ،کوئی ایسی خواہش جس کی تکمیل چاہتی ہوں؟
@ میری زندگی کا مقصد اب صرف چلتے رہنا ہے راستے اور ساتھ کی پرواہ کیے بنا ء کہ نیت سچی ہو تو منزل تک پہنچا ہی دیتی ہے ۔ خواہش تکمیل سے پہلے ہی پوری ہو جائے تو اور کیا چاہیے ۔ اللہ کا ہر سانس کے ساتھ شکر ادا کرتی ہوں ۔

اب کچھ سوال ذرا ہٹ کے۔۔۔
پسندیدہ:
1۔ کتاب ؟
@ کتاب میری زندگی ہے اور میری سوچ کے سفر میں وقتاً فوقتاًکتابیں ملتی رہیں جیسے آج کل بانو قدسیہ صاحبہ کی " راہ رواں " مجھے اپنے آپ سے ایک پل جدا نہیں ہونے دیتی ۔ اس کتاب پر بھی ایک بلاگ لکھنا ہے جلد انشا ءاللہ ۔
2۔ شعر ؟
@آج کل یہ حسب ِ حال ہے " ڈوبنے والا تھا میں اور ساحل پہ چہروں کا ہجوم
پل کی مہلت تھی میں کس کو آنکھ بھر کر دیکھتا " ( احمد فراز )
3۔ رنگ ؟
@ فطرت کے سب رنگ ، شوخ رنگ جو زندگی کی طرف بلاتے ہیں ۔ زندہ رہنا ہے تو زندگی کے رنگوں کو برتنا چاہیے ورنہ ہر رنگ میں موت کا عکس نظر آتا ہے۔
4۔ کھانا ؟
@ اس کی پرواہ نہیں کرتی ، زندہ رہنے کے لیے جو بھی مل جائے۔
5۔ موسم ؟
@ اپنے اندر کا موسم اچھا ہو تو ہر موسم اچھا لگتا ہے ور نہ بہار پر بھی خزآں کا گمان ہوتا ہے۔
6۔ ملک ؟
@ پاکستان ، کوئی حُب الوطنی نہیں صرف یہ کہ یہ ہمارا ہے اور ہم یہاں نمبر ایک شہری ہیں جو دنیا میں کسی جگہ نہیں ہو سکتے، باقی رہی ٹھوکروں اور ناقدری کی بات تو یہ تقدیر کے فیصلے ہیں جس سے فرار نہیں ۔ ہمارا المیہ بھی یہی ہوتا ہے کہ ہم تقدیر بدلنا چاہتے ہیں ۔ تدبیر پر اختیار ہے تقدیر پر نہیں ۔ دیا ر غیر کے مسافر لائق ِاحترام ہیں جنہوں نے اپنے وطن سے ربط قائم رکھا ہے۔ سفر بہت ضروری ہے آگے بڑھنے کے لیے ۔خواب میں جانے کا سوچوں تو اللہ کا گھر ،اس کے نبیﷺ کا در اس سے آگے کچھ نہیں ۔
7۔ مصنف ؟
@ اشفاق احمداور واصف علی واصف ،  شاعری میں احمد فراز اور پروین شاکر ۔
8۔ گیت؟
@ سب گیت اچھے لگتے ہیں وہ جن کے الفاظ دل کو چھو جائیں ۔ گاڑی میں سفر کرتے ہوئے دھیمی آواز سے ۔ ور نہ گھر میں سننا پسند نہیں ۔
9۔ فلم ؟
@ چند ایک انڈین فلمز ۔ مجھے احساس کی خوبصورتی اپنی طرف بلاتی ہے کوئی ایک بھی مکمل طور پر پسند نہیں۔
غلط /درست:
1۔ مجھے بلاگنگ کرنا اچھا لگتا ہے ۔
@ یہ میری ڈائری ہے ذاتی ڈائری ۔ میری سرگوشیاں جو غلطی سے آن ایر چلی جاتی ہیں اور مجھے ڈر بھی نہیں لگتا ۔
2۔ مجھے اکثر اپنے کئے ہوئے پر افسوس ہوتا ہے؟
@ ہاں یہ سوچ کر کہ اب بھی برداشت کا ہنر سیکھنے میں کسر باقی ہے اور یہ سوچ مجھے مزید قوت ِبرداشت عطا کرتی ہے۔
3۔ مجھے کتابیں پڑھنے کا بے حد شوق ہے ؟
@ مجھے لفظ سے عشق ہے چاہے جس جگہ بھی مل جائے کتاب صرف ایک حوالہ ہے ۔ سوچ کا رخ جس سمت ہو کتابیں مجھے خود بخود ملتی جاتی ہیں ۔
4۔ مجھے سیر و تفریح کرنا اچھا لگتا ہے ؟
@ پہاڑوں پر ، بہتے دریاؤں کے کناروں پر ،سرسبز چراگاہوں میں ، چاندنی راتوں میں جھیل کنارے پر اپنے ساتھ وقت گزارنا میرا وہ خواب ہے جو پوارا بھی ہوتا رہتا ہے شمالی علاقے تقریباً سب دیکھ چکی ہوں ۔ لیکن حقیقت میں اپنے گھر سے ایک قدم بھی باہر نکالنا نہیں چاہتی ۔
5۔ میں ایک اچھی دوست ہوں ؟
@ نہیں ۔ جو مجھ سے دوستی کرتے ہیں وہ یقیناًً بہت اچھے ہیں کہ میری تمام تر بے نیازی اور تیکھے پن کے باوجود میرا ساتھ نہیں چھوڑتے۔
6۔ مجھے جلد ہی غصہ آجاتا ہے ؟
@ نہیں ، یہ میری خوبی بھی ہے اور خامی بھی ۔ خوبی ایسے کہ مجھے اس کا ثمر جلد مل جاتا ہے ۔خامی اس طرح کہ لوگ مجھے پھر 'ٹیک اٹ فور گرانٹڈڈ ' لیتے ہیں ۔
7۔ میں بہت شرمیلی ہوں ؟
@ ہاں ! پر جب ان لوگوں کے ساتھ ہوں جو میرے قریب رہتے ہیں ۔اپنی ذات کی تنہائی میں ساری دنیا کا سامنا کر سکتی ہوں پورے اعتماد کے ساتھ۔
8۔ مجھے زیادہ باتیں کرنا اچھا لگتا ہے ؟
@ پر ان کے ساتھ جو میری زبان سمجھتے ہوں یا کم از کم سمجھنا چاہتے ہیں۔ ور نہ انسانوں کے ہجوم میں مجھ سے زیادہ گونگا کوئی نہیں۔
منظرنامہ کے لیئے کوئی تجویز دینا چاہیں گی ؟
@ اسی طرح آگے بڑھتے رہیں سوالوں میں ابھی مزید اضافے کی گنجائش ہے شاید وقت اور جگہ کی کمی بھی اہم ہے۔
آخر میں کوئی خاص بات یا پیغام ؟
@ یہ میری خود کلامی تھی ،اگر کسی کو اس سے اختلاف ہو تو سر آنکھوں پر ، سوال پڑھ کر میں نے جو محسوس کیا لکھ دیا ، غلطیوں کی معذرت ۔ زندگی کا حاصل صرف ایک لفظ ہے
"راضی بارضا " یہ مالا مال کر دیتا ہے اگر اس کو اپنا لیں ۔
اپنا قیمتی وقت نکال کر منظرنامہ کو انٹرویو دینےکے لیئے آپ کا بہت بہت شکریہ
@ منظر نامہ کا شکریہ کہ مجھے کسی قابل جانا ! میری یہ باتیں صرف پڑھنے والوں کے لیے ہی نہیں بلکہ میرے لیے بھی نئی ہیں یہ سب لکھتے ہوئے مجھے بھی اپنی ذات کے اندر جھانکنے کا موقع ملا ، جس کے لیے سب کی تہہ دل سے مشکور ہوں ۔

تبصرہ کریں بذریعہ فیس بک



33 تبصرے کیئے گئے :

  1. بہت خوب اچھا لگا محترمہ آپ کے بارے میں جان کر .آپ بے شک بہت عمدہ لکھتی ہیں .لکھتے رہئے اسی طرح کے یہ ہنر خدا کسی کسی کو ہی دیتا ہے .

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. بات صرف پہچاننے کی ہے اپنے اوپر اعتماد کی ہے ۔ ہم میں سے ہر ایک بہت کچھ کر سکتا ہے اللہ نے ہر ایک کو کوئی نہ کوئی ہنر عطا کیا ہے ۔ آپ کے لفط بھی دل میں اتر جاتے ہیں تیشے کی طرح۔ ہلا کر رکھ دیتے ہیں اندر سے ۔

      حذف کریں
  2. بہت اچھا لگا آپ کا انٹرویو پڑھ کر

    جواب دیںحذف کریں
  3. آپکے بارے میں جان کر اچھا محسوس ہوا۔

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. یہ آپ کا حسن نظر ہے جس نے میرے لفظوں کو محسوس کیا ۔

      حذف کریں
  4. محترمہ نورین تبسم صاحبہ، آپ کے بارے میں جان کر بہت خوشی ہوئی۔ عورت ذات کے بارے میں آپ کا یہ کہا حاصل گفتگو لگا کہ "وہ تمام مصروفیات جو عام عورت کی ساری توانائی نچوڑ لیتی ہیں پھر بھی اسے کہا جاتا ہے کہ اس نے دنیا میں کچھ نہیں کیا"۔ اللہ پاک آپ کو خوش رکھے اور اسی طرح اچھا اچھا لکھتے رہنے کی توفیق دے۔ آمین

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. بہت شکریہ جناب کہ آپ نے یہ سوال جواب صرف پڑھے ہی نہیں بلکہ محسوس بھی کیے۔ بس یہی کہوں گی یہ میری کہانی نہیں ہر دور کا افسانہ ہے جس کے فقط کردار بدلتے جاتے ہیں ۔ اپنا کردار نبھانا ہی سب سے بڑا آرٹ ہے۔ جس کا فیصلہ وقت کرتا ہے

      حذف کریں
  5. تُو بھی دل کو اِک لہو کی بُوند سمجھا ہے فرّاز
    آنکھ اگر ہوتی تو قطرے میں سمندر دیکھتا

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. بے شک آنکھ اگر کھل جائے تو قطرے میں سمندر اور سمندر میں قطرہ دکھائی دیتا ہے

      حذف کریں
  6. بہت زبردست انٹرویو دیا آپ نے بہنا ۔جیتی رہو خوش رہو یوں ہی اپنوں پر اور ہم پربھی توانائی نچاور کرتی رہو اورپھر اللہ پاک اس میں کئی گنا اضافہ فرماتا رہے۔آمین

    بہنا ایسا کئی جگہ لگا کہ آپ کے خیالات مجھے سے بہت ملتے ہیں ۔بہت خوشی ہوئی منظر نامہ میں آپ کو پا کر یہاں ااپ کو لانے والوں کا بھی تہہ دل سے شکریہ

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. ابھی بھی تشنگی باقی ہے ،بہت کچھ کہنا تھا بہت کچھ باقی ہے ۔ پتہ ہے ہم ساری عمر سننے والے کانوں اور سراہنے والی نظروں کی آرزو میں ہی جیتے ہیں یہ جانے بنا کہ ہم اس قابل ہیں بھی یا نہیں کہ کوئی اپنی تیز رفتار زندگی میں ذرا دیر کو ٹھہر کر ہمیں محسوس کر لے۔

      حذف کریں
  7. زبردست انٹرویو ۔ ۔

    میں تو انٹرویو کے نام سے ہی کانپنے لگ جا تا ہوں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. میں خود کون سی تیس مار خان ہوں ۔ یہ تو ابھی تک کسی نے نہیں بتایا کہ انٹرویو کی اس دُنیا میں مجھے دھکا کس نے دیا تھا ۔ :)

      حذف کریں
  8. اللہ خوش رکھے۔ سوچتی رہئے، کہتی رہئے اور لکھتی رہئے۔ اپنے خیالات و حالات سے آگاہی دینے کا شکریہ


    آپ کے بلاگ پر تحریروں کو سمجھنے کے لئے کبھی کبھار سر بھی کھپانا پڑ جاتا۔ (اپنی کج فہمی اور کم سمجھی کی بنا(

    جواب دیںحذف کریں
  9. اچھی بات ہے ذہن کی ورزش ہو جاتی ہے ۔ اکثر میں بھی سوچتی ہوں کہ وہ کون سی دنیا کے باسی ہوں گے جو میرے لفظ سمجھ پاتے ہیں۔ لیکن اچھا بھی لگتا ہے کہ سوچ کے اس سیارے پر تنہا نہیں ہوں ۔ قدموں کے نشاں دھیرے دھیرے میرے بلاگ کی سرزمینوں پر اتر رہے ہیں ۔

    جواب دیںحذف کریں
  10. ایک اور شاندار انٹروئیو مکمل ہوا۔ آپ کے بارے میں جان کر بہت اچھا لگا اور آپ کی تجویز بھی بہتر ہے کہ سوالات میں اضافے کی ضرورت ہے۔ بلاشبہ آپ اردو بلاگنگ میں ایک اہم اضافہ ہیں۔

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. مکمل اور شاندار تو نہیں کہا جا سکتا یہ صرف آپ سب کا خلوص ہے ۔ عام نوعیت کے سوال تھے لیکن آغاز اچھا ہے ۔ بلاگنگ کے بارے میں ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے صرف لکھنا اہم نہیں اس کو َباقاعدہ اور عمدہ طریقے سے پیش کرنا بھی بہت ضروری ہے جس میں ابھی بہت پیچھے ہوں آپ سب کا تعاون چاہیے جو مجھے ملتا بھی رہتا ہے ۔ شکریہ

      حذف کریں
  11. Nice to meet u, especially the way u were introduced .........u seem quite in good terms with words.....
    SarwatAJ.wordpress.com

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. آپ کا بھی بہت شکریہ کہ بے نام رہتے ہوئے ایک نام کو اہمیت دی وہ جو خود ابھی اپنی شناخت کے مرحلے سے گزر رہا ہے ۔ لفظ لکھنا اہم نہیں اس پر غور کرنا اور عمل کرنا اہم ہے۔

      حذف کریں
  12. Ary wah to yay hay Noureen tabassum :) ap say mil k boht khushi hue kya kahnay aik aik bat aisi npi tuli aor suljhi hue k kya kahun AP APNA TARUF HWA BAHAR KE HAY . mari doa hay k hamesha khush raho aor yunhi apni sochoon k rang bakherti raho .

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. جی ہاں یہ میں ہی ہوں ۔ کبھی کوئی منظر دور جانے سے واضح ہوتا ہے کہ قربت ہمیں اس کی اصل سے بے خبر ہی رکھتی ہے ۔ انسان بھی قدرت کا ایسا ہی ایک منظر ہے جو ان نظروں پر عیاں ہوتا ہے جو اسے پہچاننے کی جستجو میں ہوں ۔ ہوا بہار کی ہو یا خزآں کی ہر رنگ ہمارا ہے اور ہمارے لیے ہے۔ دعاؤں میں یاد رکھنے کی جزا اللہ کے ذمے ۔

      حذف کریں
  13. بہت خوب۔ نورین صاحبہ! اللہ زور قلم اور زیادہ کرے۔
    اور نئے بلاگرز کو سامنے لانے پر منظرنامہ کا بھی شکریہ

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. یہ لفظ پڑھنے اور محسوس کرنے والوں کا کمال ہوتا ہے جو بلاجھجھک سب کہہ دینے کا حوصلہ بخشتا ہے۔ اس میں شک نہیں کہ منظر نامہ نے مجھ پر اعتماد کر کے میری سوچ کو اہمیت دی ۔

      حذف کریں
  14. bht acha ah aap ka blog allah pak aap ko mazeed likhny ki tofeeq ata farmaiyn . (ameen)

    جواب دیںحذف کریں
  15. ذرہ نوازی ہے آپ کی اور مالک کا کرم ہے کہ وہ جس راہ پر لے جائے ۔ دعا کریں کہ وہ راستہ سیدھا اور سچا ہو ۔

    جواب دیںحذف کریں
  16. aap sy mil kr bht acha laga . or aap bht acha likhti ha allah pak aap ko mazeed acha likhny ki tofeeq aata farmaiyn. or hamesha khush rahy or esi trha acha likhti rain.

    جواب دیںحذف کریں